بھٹکل :12/ اگست (ایس اؤ نیوز) آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری ، سپریم کورٹ کے نامور وکیل ظفریاب جیلانی کی بھٹکل تشریف آوری پر بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے زیر اہتمام تنظیم ہال میں’’ہندوستان کی موجودہ صورت حال میں نوجوانوں کی ذمہ داریاں ‘‘ کے عنوان پر ایک اہم پروگرام منعقد کیاگیا۔
پروگرام میں نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے ظفریاب جیلانی نے ملک کےموجودہ حالات پر روشنی ڈالی اور بابری مسجد کے متعلق عدالت عظمیٰ میں جاری سنوائی کی مختصر روداد پیش کرنے کے بعد نوجوانوں سے کہاکہ وہ ہرحال میں صبر وضبط سے کام لیں، کسی بھی موقع پر مشتعل نہ ہوں، ہم سے کوئی کام ایسا نہ ہو کہ جس سے مخالف فریق کو بہانہ مل جائے اور ملت کو بدنام کرے۔ جو بھی کام کریں قانون کے دائرے میں رہ کریں۔ ہمارے ملک میں آج بھی جمہوری اقدار اور نظام کی اہمیت ہے، یہاں کے عدلیہ پر ہمیں مکمل بھروسہ ہے، ہم تو کوشش کررہے ہیں فیصلہ جو بھی ہوگا وہ اللہ کی طرف سےہوگا اور وہی ہمارے لئے بہتر ہوگا۔ ہمیں ملک کی ترقی ، فلاح وبہبودی کے لئے مخلصانہ کام کرنا ہمار ا دینی فریضہ ہے۔ مختصر خطاب کے بعد حاضرین کی طرف سے مختلف سوالات کئے گئے مہمان نے بہت ہی تشفی بخش جوابات دئیے۔
تقریب کا آغاز مولوی محمد یسین نائطے ندوی کی تلاوت قرآن سےہوا۔ عزیزی حسن سدی باپا نے ھدیہ نعت پیش کی۔ پروگرام کے کنونیر مبشر حسین ہلارے نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے فیڈریشن کا مختصر تعارف پیش کیا۔ مولوی عبدالنور ندوی نے مہمان کا تعارف پیش کیا ۔ فیڈریشن کے صدر امتیاز ادیاور نے پروگرام کی صدارت کی۔ نائب صدر مولانا ارشاد نائطے ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دیتےہوئے شکریہ کلمات اداکئے۔ڈائس پر دبئی جماعت کے جنرل سکریٹری محمد یوسف برماور، فیڈریشن کے جنرل سکریٹری نصیف خلیفہ ، اسپورٹس سکریٹری عبدالسمیع میڈیکل ، خازن ناہد کولاسمیت دیگر ممبران موجود تھے۔ پروگرام میں شہر کا ذی فہم اور باشعور طبقہ شریک تھا۔